مصری میڈیا کے مطابق صدرالسیسی کو مدمقابل فریق الغد پارٹی کے موسی مصطفیٰ پر سبقت حاصل ہے۔ انتخابات میں تقریباً چھ کروڑ رجسٹرڈ ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ مصری حکام کا کہنا ہے کہ صدارتی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل مقامی وقت کے مطابق صبح نو بجے شروع ہوا اور آئندہ 3 روز تک جاری رہے گا- مصری رائے دہندگان بدھ تک اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکیں گے-
مصر کے موجودہ صدر عبدالفتاح السیسی نے پولنگ شروع ہونے کے فورا بعد اپنا ووٹ ڈالا- مصر میں ایسا پہلی بار ہے جب صدارتی انتخابات ایک آزاد و خود مختار الیکشن کمیشن کی نگرانی میں ہو رہا ہے-
یاد رہے کہ بیرون ملک مقیم مصریوں نے گزشتہ سولہ، سترہ اور اٹھارہ مارچ کو اپنے ووٹ ڈالے تھے-
انتخابات میں سیکیورٹی کے لیے مسلح افواج کو تعینات کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ فوج کے سربراہ السیسی نے 2013 میں بغاوت کر کے صدر محمد مرسی کو ہٹا کر اقتدار پر قبضہ کیا اور اگلے برس ہونے والے انتخابات میں بھاری اکثریت سے صدر منتخب ہوئے تھے۔