وینزویلا کی جیل میں ہنگامہ آرائی اور آتشزدگی سے 68 قیدی ہلاک

Last Updated On 29 March,2018 06:00 pm

کراکس: (ویب ڈیسک) وینزویلا کی ایک جیل میں ہنگامہ آرائی اور آتشزدگی سے کم از کم 68 قیدی ہلاک ہو گئے ہیں۔

جنوبی امریکا کے ملک وینزویلا میں ایک جیل میں جھگڑے اور آتشزدگی میں 68 قیدی ہلاک ہو گئے، قیدیوں کے رشتہ داروں اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ یہ واقعہ دارالحکومت کراکس سے ایک سو ساٹھ کلومیٹر دور شہر ویلنسیا کی جیل میں پیش آیا۔

پراسیکوٹر جنرل نے ٹویٹر پیغامات میں ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ خبر سامنے آنے پر قیدیوں کے رشتہ دار جیل پہنچ گئے لیکن پولیس کی جانب سے تفصیلات نہ دینے پر جھڑپیں ہوئیں۔ پولیس نے انہیں منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس استعمال کی۔

خیال رہے کہ وینزویلا کی جیلیں گنجائش سے زیادہ قیدیوں، ہتھیاروں اور منشیات کی موجودگی کے باعث بدنام ہیں۔ جیلوں میں ہونے والے جھگڑوں اور ہنگامہ آرائی میں ہر سال درجنوں قیدی مارے جاتے ہیں۔ بعض جیلوں میں قیدی کھلے عام مشین گنیں اور دستی بم تک لے کر گھومتے ہیں اور دھڑلے سے منشیات استعمال کی جاتی ہے لیکن وہاں تعینات محافظ کوئی ایکشن نہیں لے پاتے۔