صنعاء: (دنیا نیوز) یمن میں سعودی اتحادی افواج کی بڑی کامیابی، ساحلی شہر حدیدہ کے ائیرپورٹ کا کنٹرول حاصل کر لیا، گلی گلی لڑائی جاری، تیس حوثی اور نو یمنی فوجی ہلاک ہو گئے، اقوامِ متحدہ نے قحط کا خدشہ ظاہر کر دیا۔
سعودی اتحادی افواج کو یمن میں بڑی کامیابی مل گئی، ساحلی شہر حُدیدہ میں فوجی کارروائی کے دوسرے روز ہی حوثی باغیوں سے شہر کے ہوائی اڈے کا کنٹرول حاصل کر لیا۔ فوجی کارروائی میں یمنی فوج کے ساتھ ساتھ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی افواج بھی حصہ لے رہی ہیں۔ شہر کے اندر گلی گلی لڑائی جاری ہے جبکہ اتحادی افواج کو فضائی سپورٹ بھی حاصل ہے۔
دوسری جانب حالات کا جائزہ لینے کے لیے اقوامِ متحدہ کا خصوصی نمائندہ بھی صنعاء پہنچ گیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ حُدیدہ کی لڑائی طویل ہونے کی صورت میں شدید قحط پڑنے کا امکان ہے۔