سری نگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد جمہوریت کا بھانڈا بیچ چوراہے پھوٹ گیا، بی جے پی نے محبوبہ مفتی کی کٹھ پتلی حکومت سے علیحدگی کا اعلان کر دیا، محبوبہ مفتی بھی مستعفی ہو گئیں، عمر عبداللہ نے اکثریت کی حمایت نہ ہونے کے باعث حکومت سازی سے معذرت کر لی۔
مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد جمہوریت کا ڈرامہ فلاپ ہو گیا۔ بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی نے کٹھ پتلی حکومت سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔ بھارت کی خوشی کے لیے اپنوں کا خون بہانے والی محبوبہ مفتی بے یار و مددگار رہ گئیں، اکثریت کی حمایت نہ ہونے کے باعث عمر عبداللہ نے بھی حکومت سازی سے معذرت کر لی۔ بی جے پی کے جنرل سیکرٹری رام مدھاؤ نے گورنر راج کا عندیہ دے دیا۔
دوسری جانب کلگام میں گزشتہ روز شہید ہونے والے نوجوانوں کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ شہداء کے جنازے میں ہزاروں افراد شریک ہوئے اور بھارت مخالف نعرے بازی کی، حریت رہنماؤں نے جمعرات کو وادی بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دی ہے۔