کولکتہ :پل گرنے سے ایک شہری ہلاک

Last Updated On 05 September,2018 01:20 pm

کولکتہ (روزنامہ دنیا) بھارت کی مشرقی ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکتہ میں پل گرنے سے ایک شخص ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے ۔

پل کے گرنے سے شہر بھر میں شدید ٹریک جام ہوگیا اور متبادل روٹ اختیار کرنے کی دوڑ نے پورے شہر میں شدید بحرانی کیفیت پیدا کردی۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر سنگھ مودی نے بھی پل گرنے کے واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ڈائمنڈ ہاربر روڈ پر واقع یہ پل 50 برس پرانا تھا پل گرنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور مرنے والے کی میت اور زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا ۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے اس کے بعد ہی کیس کی تحقیقات کا فیصلہ کیا جائے گا۔