امریکا ، جاپان میں طوفان نے تباہی مچا دی ، 10 ہلاک

Last Updated On 05 September,2018 09:32 am

ٹوکیو (دنیا نیوز ) امریکا اور جاپان ان دنوں شدید موسم کی لپیٹ میں ہیں، امریکا میں گورڈن جبکہ جاپان میں جے بی طوفان نے تباہی مچا دی، جاپان میں ہلاکتوں کی تعداد دس ہوگئی۔

سمندری طوفان "جے بی"جاپان کے مغربی ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا، دو سو پندرہ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہواؤں نے ہر چیز تہس نہس کر دی۔ مغربی جاپان میں طوفان کی وجہ سے نیلام کے لیے رکھی گئی درجنوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔


شیکوکو اور کینسائی کے علاقوں میں چھ سو افراد زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق 1993 کے بعد جاپان میں آنے والا یہ شدید ترین سمندری طوفان تھا۔ امریکا میں لوزیانا اور مسیسیپی میں سمندری طوفان گورڈن کے بعد ریاستی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔


طوفان کی وجہ سے الباما مسیسیپی کی سرحد پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے، ہزاروں افراد بجلی سے محروم ہوگئے، نیشنل ہریکین سنٹر نے خبردار کیا ہے کہ گورڈن طوفان مزید شدت اختیار کرسکتا ہے۔ ادھر بھارتی وزارت داخلہ کے مطابق اس سال ملک میں مون سون کی بارشوں کی وجہ سے 1400افراد ہلاک ہوگئے۔

 

Advertisement