سیول: (روزنامہ دنیا) ملائیشیا میں تعینات جنوبی کورین سفارتخانے کے ایک اہلکار کو پاکستانیوں کو کوریا کے جعلی ویزے جاری کرنے کے جرم میں قید کی سزا سنا دی گئی۔
کورین ہیرالڈ کے مطابق جنوبی کوریا کے سفارتی اہلکار پر الزام تھا کہ اس نے گزشتہ 3 سال کے دوران 20 مواقع پر ان پاکستانیوں کو جعلی ویزے جاری کیے جن کے پاس مطلوبہ دستاویزات نہیں تھیں۔ اس مقصد کیلئے اس نے سفارتخانے کے انٹرنیٹ آئی ڈی اور پاس ورڈ کا غلط استعمال کیا۔ رپورٹ کے مطابق سیول میں سنٹرل ڈسٹرکٹ کورٹ نے جرم ثابت ہونے پر سفارتخانے کے اہلکار کو 18 ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔
اپنے فیصلے میں جج لی سانگ جو نے قرار دیا کہ سفارتی اہلکار نے دھوکہ دہی سے کام لیا اور امیگریشن کے معاملات میں ہیر پھیر کی، جس پر وہ سخت سزا کا مستحق ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ مذکورہ اہلکار نے اس سارے عمل میں کوئی ذاتی فوائد حاصل نہیں کیے اور اس نے اپنی غلطی کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔