ٹوبہ ٹیک سنگھ: (دنیا نیوز) بیماری سے تنگ خاتون کی خود سوزی کی کوشش، شہریوں نے خودکشی کی کوشش ناکام بنا دی، ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ کی رہائشی خاتون رخسانہ بی بی نے بیماری سے تنگ آکر اپنے اوپر پٹرول چھڑک کر خودکشی کی کوشش کی تو شہباز چوک میں موجود شہریوں نے خاتون کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔ متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ وہ ہیپاٹائٹس، شوگر اور اندھے پن کا شکار ہے اور پولیس اہلکار کی بیوی ہے، شوہر کی وفات کے بعد بیٹے نے اسے گھر سے نکال دیا ہے اور گھریلو حالات سے تنگ آکر خودکشی کرنا چاہتی ہے۔
خاتون کو پہلی کوشش کے بعد علاج کے لیے ڈی ایچ کیو منتقل کیا گیا تو اس نے وہاں دوبارہ خود پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا لی، جس سے اس کی حالت غیر ہوگئی۔ متاثرہ خاتون کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں علاج جاری ہے جبکہ پولیس نے بیوہ عورت کے خلاف اقدام خودکشی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔