علی گڑھ: (دنیا نیوز) منان وانی کی غائبانہ نماز جنازہ میں شرکت پر علی گڑھ یونیورسٹی سے 3 کشمیری طلباء بے دخل، فیصلے کے خلاف کشمیر طلباء یونین سراپا احتجاج بن گئے، 12 سو سے زائد طلباء نے یونیورسٹی چھوڑنے کی دھمکی دے دی۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے 3 کشمیری طلباء کی بے دخلی کا معاملہ، 12 سو سے زائد کشمیری طلباء نے اجتماعی طور پر یونیورسٹی چھوڑنے کی دھمکی دے دی۔ طلباء نے پروکٹر کے نام اپنے خط میں لکھا کہ بے دخلی اور شوکاز نوٹس سے طلباء میں تشویش پائی جاتی ہے اور وہ بے بنیاد الزامات کا بوجھ اٹھا کر کیمپس میں مزید نہیں رہ سکتے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کشمیری طلباء 17 اکتوبر کو سرسید احمد خان کی سالگرہ پر یونیورسٹی چھوڑنے کا اعلان کریں گے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل ڈاکٹر منان وانی شہید کی غائبانہ نماز جنازہ میں شرکت پر 3 کشمیری طالب علموں کو یونیورسٹی سے نکال دیا گیا تھا جبکہ دیگر 7 طالبعلموں کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے تھے۔