ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی ٹی وی نے کہا ہے کہ مشترکہ ٹاسک فورس کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جمال خشوگی کو منصوبہ بندی سے قتل کیا گیا تھا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا جس میں جمال خشوگی کے قتل اور بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اس اجلاس میں سعودی انٹیلی جنس کے تنظیمی ڈھانچے، قانونی فریم ورک، قواعد و ضوابط اور پالیسیوں پر غور کیا گیا۔ خیال رہے کہ انٹیلی جنس سروسز کی تنظیم نو کا فیصلہ 20 اکتوبر کو جمال خشوگی کے قتل کی تصدیق کے بعد جاری کیے گئے شاہی فرمان میں کیا گیا تھا۔ اس شامی فرمان کے فوری بعد متعدد اعلیٰ انٹیلی جنس حکام اور شاہی مشیران کو برطرف کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔