پیرس: (ویب ڈیسک) فرانس کے شہر سٹراس برگ میں کرسمس کی تیاریوں کے دوران دہشگرد کارروائی میں 3 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مسلح شخص نے فرانس کے شہر سٹراس برگ میں واقع کرسمس مارکیٹ کے قریب اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی تاہم گولیوں کا نشانہ بننے والے 15 میں سے 3 افراد موقع پر ہلاک ہو گئے۔ پولیس نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ فرانسیسی وزیرداخلہ کرسٹوفر کیسٹینر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر حملہ آور کو حراست میں لینے کی کوشش کی اور اس دوران فائرنگ کا تبادلہ بھیہوا جس کے نتیجے میں حملہ آور زخمی ہونے کے باوجود فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
فرانسیسی وزیرداخلہ نے کہا کہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مسلح شخص کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے اور ملک بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے جب کہ اس قسم کے مزید واقعات سے بچنے کے لیے تمام کرسمس مارکیٹوں میں سیکیورٹی سخت کر دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حملہ آور کی شناخت 29 سالہ چیرف کے نام سے ہوئی ہے جو سٹراس برگ کا ہی رہائشی ہے اور حملہ آور کا مجرمانہ ریکارڈ بھی مل گیا ہے، حملے کا مقصد تاحال معلوم نہیں ہوسکا البتہ کاؤنٹر ٹیررازم سیل کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔