سعودی ولی عہد صحافی جمال خشوگی قتل کے ذمے دار ہیں:امریکی سینیٹ میں قرار داد منظور

Last Updated On 14 December,2018 09:17 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی سینیٹ نے سعودی عرب سے متعلق دو قرار دادیں منظور کرلیں، ایک قرارداد میں سعودی ولی عہد کو جمال خشوگی کے قتل کا ذمے دار ٹھہرایا گیا ہے اور دوسری قرار داد میں سینیٹ نے ٹرمپ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ یمن جنگ میں سعودی عرب کے ساتھ فوجی تعاون مکمل طور پر ختم کیا جائے۔

امریکی میڈیا کے مطابق قرارداد سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے چیئرمین باب کورکر نے پیش کی، جو سینیٹ نے متفقہ طور پر منظور کرلی۔ قرارداد میں سعودی حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ خشوگی کے قتل میں ملوث تمام افراد کے احتساب کو یقینی بنائے۔

سینیٹ میں ایک اور قرارداد منظور کی گئی ہے کہ جس میں ٹرمپ انتظامیہ کو یمن جنگ میں سعودی عرب کے ساتھ ہر طرح کا فوجی تعاون ختم کرنے کے لیے کہا گیا ہے، جو 41 کے مقابلے میں 56 ووٹوں سے منظورہوگئی، یہ دونوں قرارداد اب ایوان نمائندگان بھیجی جائیں گی۔