لندن: (دنیا نیوز) بریگزٹ کا سونامی بھی برطانوی وزیراعظم کی کرسی نہ ہلا سکا۔ پارلیمنٹ میں تھریسامے کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گئی۔ وزیراعظم کے حق میں 325 جبکہ مخالفت میں 306 ووٹ آئے۔ تھریسامے کا کہنا ہے وہ بریگزٹ کے معاملے پر پارٹی کے سینئر رہنماؤں سمیت ایوان کے تمام ارکان سے بات چیت کیلئے تیار ہیں۔
برطانوی وزیراعظم ایوان میں بریگزٹ ڈیل تو کامیاب نہ کروا سکیں لیکن اپنی کرسی بچانے میں کامیاب ہو گئیں۔ پارلیمنٹ اجلاس میں اپوزیشن لیڈر جیرمی کوربن کی پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری ہوئی جس میں 629 ارکان نے حصہ لیا۔
نتائج کے مطابق وزیراعظم کے حق میں 325 جبکہ مخالفت میں 306 ووٹ آئے، رائے شماری کے بعد وزیراعظم تھریسامے نے ایوان سے خطاب کیا
جس میں ارکان پارلیمنٹ سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے اپوزیشن سمیت تمام جماعتوں کو بریگزٹ معاملے پر بات چیت کی دعوت بھی دی۔
منگل کو حکومت کی جانب سے پیش کردہ بریگزٹ ڈیل کو ایوان میں 230 ووٹ کی تاریخی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد اپوزیشن رہنما جیرمی کوربن نے وزیراعظم تھریسامے کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی۔
تمام تر صورتحال میں بریگزٹ کا معاملہ ابھی بھی کسی کروٹ نہیں بیٹھ سکا۔ اس ڈیل پر 6 آپشن موجود ہیں جن میں ایوان میں دوبارہ بحث، دوبارہ ووٹنگ اور ریفرنڈم شامل ہیں جبکہ ممکنات میں عام انتخابات، ایک اور تحریک عدم اعتماد یا پھر کوئی ڈیل نہ ہونا بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کی حتمی تاریخ 29 مارچ مقرر ہے۔