جکارتہ: (ویب ڈیسک) انڈونیشیا میں 6.6 شدت زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس سے ربا شہر کی عمارتیں لرز اٹھیں تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ گزشتہ ماہ ہلاکت خیز سونامی سے 429 انڈونیشی باشندے ہلاک اور 800 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈونیشیا کے شہر ربا میں 6.6 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔ علاقہ مکین جھٹکوں سے گھبرا کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ حکام نے شہریوں کو بلند عمارتوں سے نکل جانے اور میدانوں میں اکھٹے ہونے کا حکم دیا تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز شہر سے 219 کلو میٹردور جب کہ زیر زمین گہرائی 25 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔ انڈونیشین حکام نے بتایا کہ ابتدائی طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی اور سونامی کا بھی خطرہ نہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ انڈونیشیا کے آبنائے سندا میں آتش فشاں پھٹنے کے بعد زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے اور سمندر کی سطح کے نیچے چٹانیں سرکنے سے تباہ کن سونامی رونما ہوا۔ جس کے باعث انڈونیشیا کے ساحلی علاقوں میں دیو قامت اور خوفناک لہروں نے تباہی مچا دی، خوفناک سمندری طوفان کے نتیجے میں 429 افراد ہلاک، 800 سے زائد زخمی ہو گئے تھے جبکہ 159 لاپتہ افراد کی تلاش تاحال جاری ہے۔