لندن: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری محمد کے خطوط اور ٹیلی فونک رابطے کام دکھا گئے، پاک بھارت کشیدگی کا معاملہ برطانوی پارلیمنٹ میں اٹھانے کی تیاریاں شروع ہو گئیں۔ برطانوی ارکان نے ارلی ڈے تحریک جمع کرا دی، اٹھائیس رہنماوں نے تحریک پر دستخط کر دیئے۔
پاکستان اورانڈیا کے درمیان کشیدگی پر گورنر پنجاب چوہدری سرور کے برطانوی ارکان پارلیمنٹ کو خط اور ٹیلیفونک رابطوں کے بعد برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے ایوان میں معاملہ اٹھانے کا فیصلہ کر لیا اور ارلی ڈے تحریک جمع کرا دی۔
اب تک 28 برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے ارلی ڈے موشن پر دستخط کر دیئے،تحریک میں قرار دیا گیا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی خطے کے مفاد میں نہیں،
تحریک میں یہ بھی کہا گیا ہے دونوں ملک ایٹمی طاقت ہیں، کشیدگی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے، ایٹمی ممالک کے درمیان کشیدگی نہیں ہونی چاہیے۔
تحریک پر لیبر پارٹی، ڈیمو کریٹ پارٹی اوراسکاٹس نیشنل پارٹی کے ارکان نے دستخط کر دیئے۔ مذکورہ تحریک میں اس بات کو بھی سراہا گیا ہے کہ بھارتی پائلٹ کو رہا کر کے پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے امن کی طرف اہم قدم اٹھایا۔