سری نگر: (دنیا نیوز) کشمیری رہنما محبوبہ مفتی کہتی ہیں کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر سے متعلق آئین کی دفعہ 370 کو ختم کرنے کا اقدام فلسطین میں اسرائیلی قبضے جیسا ہوگا۔ اسے وادی میں پاؤں رکھنے بھی نہیں دیا جائے گا۔ محبوبہ مفتی نے مونگیری لال کو سپنے نہ دیکھنے کا مشورہ دیدیا۔
بی جے پی کا مقبوضہ کشمیر سے متعلق آئین کی دفعہ 370 ختم کرنے کا پلان، کشمیری رہنما محبوبہ مفتی مودی سرکار پر برس پڑیں۔ انتخابی ریلی سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق آئین کی شق 370 ختم کی تو وہ کشمیر سے اپنا رشتہ کھو دے گا، یہ فلسطین میں اسرائیلی قبضے جیسا اقدام ہو گا۔
محبوبہ مفتی نے خبردار کیا کہ بھارت نے آئین کی دفعہ کو ہاتھ بھی لگایا تو اس کا جو حق ہے وہ ناجائز قبضے میں تبدیل ہو جائے گا۔ بھارت کو وادی میں پاؤں رکھنے کی بھی جگہ نہیں ملےگی۔
محبوبہ مفتی نے بھارتی رہنما مونگیری لال کو مخاطب کرتے ہوئے کہا وہ سپنے دیکھنا چھوڑ دیں، کشمیر کا ہر بزرگ اور نوجوان اس کے لیے اپنے خون کا ایک ایک قطرہ نچھاور کر دے گا۔