منیلا: (دنیا نیوز) چھ سال قبل ری سائیکلنگ کی آڑ میں کینیڈا سے آئے کچرے کو فلپائن نے کنٹینرز میں ڈال کر واپس بھجوا دیا۔
کینیڈین حدود میں کوڑے کرکٹ سے بھرے کنٹینرز دیکھ کر حکام کی دوڑیں لگ گئیں۔ فلپائنی صدر نے کوڑا بھیج کر طنزاً کہا ہے کہ شانداراستقبال کی تیاری کرو، اگر چاہو تو کھا بھی لو۔
تفصیلات کے مطابق فلپائن نے کینیڈا کو بڑا سبق سکھا کر ترقی پذیر ممالک کے لیے مثال قائم کر دی ہے۔ فلپائن کے حکام نے چھ سال پرانا کچرا انہتر کنٹینرز میں ڈال کر کینیڈا واپس بھجوا دیا ہے۔
سال دو ہزار تیرہ اور چودہ کے درمیان ری سائیکلنگ کی آڑ میں کچرا کینیڈا سے فلپائن بھیجا گیا تھا جو ملک کی ماحولیاتی پالیسی کے خلاف تھا۔ منیلا نے کئی دفعہ اوٹاوا کو کچرے کا مسئلہ حل کرنے کے لیے وارننگ دی مگر کینیڈا نے جواب دیا کہ کچرا نجی کمپنیوں نے پھینکا ہے، حکومت کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
فلپائن کا جہاز کچرے کے کنٹینرز لے کر وینکوور کی بندرگاہ پہنچا جہاں کینیڈین حکام کی دوڑیں لگ گئیں۔ انتہائی زہریلے کوڑے کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے لیے حکام نے سر جوڑ لیے۔