امریکی دھمکیاں نظر انداز، ایران کا ایک اور بلیسٹک میزائل کا تجربہ

Last Updated On 27 July,2019 05:09 pm

تہران: (ویب ڈیسک) امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے واشنگٹن کے مطالبے کی مخالفت کرتے ہوئے ایک اور بلیسٹک میزائل کا تجربہ کر لیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تہران نے میزائل تجربہ ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب ایران اور مغربی ممالک کے درمیان خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں کمرشل جہازوں کی حفاظت سے متعلق کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

شہاب3 میزائل کے تجربے کو تہران کی جانب سے ایک اور اشارہ سمجھا جاسکتا ہے کہ وہ کسی کے سامنے نہیں جھکے گا۔ یہ میزائل درمیان فاصلے تک ہدف کو نشانے بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس میزائل نے ایک ہزار کلو میٹر کا سفر کیا۔ یہ شمالی کوریا کے میزائل نوڈونگ-اے کی طرز پر بنا ہوا ہے اور ایک ہزار ایک سو 50 سے 2 ہزار کلومیٹر( 1242 میل ) کے فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق ایرانی حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ میزائل تجربہ ایران کے جنوب مشرقی علاقے میں کیا گیا جو بحیرہ عمان کے قریب ہے۔ امریکی عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایران کی جانب سے میزائل تجربے کی تصدیق کی۔

وائٹ ہاؤس نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ ایران میں میزائل تجربے کی خبروں سے آگاہ ہیں لیکن وائٹ ہاؤس حکام نے مزید تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔