سعودی اتحاد کی یمن کے حراستی مرکز پر بمباری، 100 افراد جاں بحق، 40 سے زائد زخمی

Last Updated On 02 September,2019 09:19 am

صنعا: (دنیا نیوز) یمن کے حراستی مرکز پر سعودی اتحاد کی بمباری سے سو افراد جاں بحق اور چالیس سے زائد زخمی ہو گئے۔

عالمی امدادی ادارے انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کے مطابق سعودی اتحادیوں نے یمن کے شہر دھامر میں واقع حراستی مرکز کو نشانہ بنایا جبکہ سعودی اتحاد نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا ہےکہ دھامر میں ایک ڈرون اور میزائل کے ڈپو کو تباہ کیا گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سعودی اتحاد کی جانب سے گزشتہ رات 6 حملے کئے گئے۔ دوسری طرف یمن کی وزارت صحت کے ترجمان یوسف الحاضری نے جیل المقصوف پر ہونے والے حملے کے بعد کی صورتحال کو انتہائی کربناک قراردیتے ہوئے عالمی برادری سے مدد کی اپیل ہے۔
یمن میں 2015ء تنازع اس وقت شروع ہوا جب حوثی باغیوں نے دارالحکومت صنعا کا کنٹرول سنبھال کر حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا۔