لندن: (دنیا نیوز) برطانوی پارلیمان میں سیاسی بحران شدت اختیار کر گیا، پارلیمان معطل کر دی گئی، برطانوی وزیراعظم کو بغیر ڈیل یورپی یونین سے علیحدگی سے روک دیا گیا۔ اپوزیشن لیڈر جیرمی کوربن نے کہا ہے بحث سے بچنے کے لیے پارلیمنٹ معطل کی گئی ہے۔ سپیکر نے کہا ہے اگر پارلیمان نے نئے انتخابات کے لیے ووٹ دیا وہ مستعفی ہو جائیں گے۔
برطانوی حکومت نے پارلیمان کو پانچ ہفتوں کے لیے معطل کر دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم بورس جانسن کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم پندرہ اکتوبر کو نئے انتخابات کروانے کیلئے رائے شماری کروائیں گے۔ وزیراعظم بورس جانسن نے اکتیس اکتوبر تک برطانیہ کو یورپی یونین سے نکالنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔
وزیراعظم کے فیصلے پر برطانیہ میں تنقید کی جا رہی ہے، ملکہ برطانیہ نے دارالامراء میں منظورشدہ ایک بل پر دستخط کر دیئے ہیں جس کے تحت برطانوی وزیراعظم کو ڈیل کے بغیر یورپی یونین سے علیحدگی سے روک دیا گیا ہے۔ ایوان نے حکومت کی مخالفت کے باوجود اس بل کی منظوری دی۔