اسلام آباد: (دنیا نیوز) برطانوی رکن پارلیمنٹ عمران حسین نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں، بھارتی اپوزیشن رہنماؤں کو کشمیر نہیں جانے دیا جا رہا۔ مقبوضہ کشمیر میں اب تک 4 ہزار افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، سلامتی کونسل کو کشمیر میں بھارتی اقدامات کے خلاف متفقہ مذمتی قرار داد لانی چاہیے تھی۔
برطانوی رکن پارلیمنٹ بیرسٹر عمران حسین نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بریکنگ پاکستان پرامن انداز میں مشکل صورتحال کا سامنا کر رہا ہے، بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں، سلامتی کونسل کو کشمیر میں بھارتی اقدامات کے خلاف متفقہ مذمتی قرار داد لانی چاہیے تھی۔
انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق معلومات بہت کم آ رہی ہیں، مقبوضہ کشمیر میں اب تک 4 ہزار افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، مقبوضہ کشمیر میں گرفتاریوں کیلئےکسی قاعدے قانون کی پابندی نہیں کی گئی۔ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے، آزاد کشمیر سے متعلق بھارت کےبیان کی مذمت کرتے ہیں، بھارتی اپوزیشن رہنماؤں کو کشمیر نہیں جانے دیا جا رہا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا کہ دنیا نے کشمیر سے متعلق بھارت کے جھوٹے بیانیے کو مسترد کر دیا، بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے جبکہ بھارتی فوج مقبوضہ وادی میں نسل کشی کر رہی ہے، مودی کے اقدامات سے بھارت کے ٹکڑے ہو جائیں گے، بھارت کو مجبور کیا جائے کہ وہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق اقدامات واپس لے۔