جوفرا آرچر کو ورلڈکپ میں شاندار کارکردگی کا ’’انعام‘‘ مل گیا، ایشز کیلئے منتخب

Last Updated On 27 July,2019 08:55 pm

لندن: (ویب ڈیسک) جوفرا آرچر کو ورلڈکپ میں شاندار کارکردگی کا ’’انعام‘‘ مل گیا۔ انگلش فاسٹ باؤلر کو آئندہ ایشز سیریز کے لیے ٹیم میں منتخب کر لیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انگلینڈ نے آسٹریلیا کیخلاف ایشز سیریز کیلئے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، حیران کن طور پر چند ماہ قبل ہی برطانوی شہریت حاصل کرنے والے کیریبین کے فاسٹ باؤلر جوفرا آرچر کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ انہیں ون ڈے کے عالمی کپ کے دوران شاندار کارکردگی پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

یکم اگست سے شروع ہونے والی ایشز سیریز کیلئے 14رکنی دستے کا اعلان کیا گیا ہے۔ قیادت سینئر بیٹسمین جوئے روٹ کریں گے جبکہ ورلڈکپ کے ہیرو بین سٹوکس نائب کپتانی کی ذمہ داری نبھائیں گے۔

جوفرا آرچر کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ ایشز میں لازمی طور پر ڈیبیو کر لیں گے، کیونکہ ان کی باؤلنگ ورائٹیز نے انگلش بورڈ کو بہت متاثر کیا ہے۔ 2016 میں فرسٹ کلاس ڈیبیو کے بعد سے کیربیئن نژاد انگلش کھلاڑی 28 میچوں میں 131 وکٹیں لے چکے ہیں۔

آئر لینڈ کیخلاف آرام کرنے والے سٹوکس کیساتھ ساتھ جوز بٹلر اور جیمز اینڈرسن کی واپسی ہوئی ہے۔ حیران کن طور پر آئر لینڈ کیخلاف مین آف دی میچ قرار پانے والے جیک لیچ کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے جبکہ ناکام رہنے والے رورے برنز نے آسٹریلیا جانے کا ٹکٹ کٹوا لیا ہے۔

ٹیم میں جوئے روٹ (کپتان)، جیسن روئے، رورے برنز، جوز بٹلر، بین سٹوکس، اولی سٹون، معین علی، سام کرن، کرس ووکس، جیمز اینڈرسن، جوفرا آرچر، سٹورٹ براڈ، جو ڈینلی اور جونی بیئراسٹو شامل ہیں۔

کینگروز سکواڈ کا اعلان، فاسٹ باؤلرز کے ذریعے انگلش ٹیم پر قابو کا منصوبہ


اس سے قبل کینگروز نے بھی ٹیم کا اعلان کر دیا تھا، مہمان ٹیم کے شکار کے لیے فاسٹ باؤلرز کی مدد سے انگلش بیٹسمینوں کو قابو کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ بال ٹیمپرنگ میں سزا پانے والے سٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور بین کرافٹ کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

جنوبی افریقہ میں بال ٹیمپرنگ سکینڈل میں سزا یافتہ سٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور بین کرافٹ 17 رُکنی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ نوجوان آل راؤنڈر مائیکل نیسر پہلی بار قومی سکواڈ کا حصہ بنائے گئے ہیں۔

ٹیم میں چھ فاسٹ باؤلرز کو منتخب کیا گیا ہے، پیٹ کومنز، مچل سٹارک، جوش ہیزل ووڈ، جیمز پیٹنسن، پیٹر سڈل اور مچل مارش مضبوط بولنگ لائن کے رُکن ہیں۔ میتھیو ویڈ اور مارنوس لابوشانگےکو ڈومیسٹک اور اے ٹیم کی جانب سے عمدہ کارکردگی پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اسپنر نیتھن لائن، عثمان خواجہ، مارکوس ہیرس اور ٹریوس ہیڈ بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
 

Advertisement