بورس جانسن برطانیہ کے نئے وزیراعظم کیلئے نامزد

Last Updated On 24 July,2019 12:41 am

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کو نیا وزیراعظم مل گیا۔ بورس جانسن ملک کی قیادت کیلئے نامزد کر دیئے گئے۔

دنیا نیوز کے مطابق بورس جانسن برطانیہ کے نئے وزیراعظم منتخب ہونگے، کنزرویٹوپارٹی نے نئے برطانوی وزیراعظم کے لیے بورس جانسن کے نام کا اعلان کر دیا ہے۔ وہ اس سے قبل لندن کے میئر اور وزیر خارجہ کی ذمہ داریاں ادا کر چکے ہیں۔ وزارت عظمی کے لیے ان کا مقابلہ جیرمی ہنٹ کیساتھ تھا۔ بورس جانسن کو 92153 ووٹ ملے جبکہ جیرمی ہنٹ کے حصے میں 46656 ووٹ آئے۔

دوسری طرف بورس جانسن کنزرویٹو پارٹی کے نئے قائد بھی منتخب ہو گئے ہیں۔ تھریسامے بطور وزیراعظم کل اپنا آخری خطاب کریں گی۔ وہ بکنگھم پیلس میں استعفی جمع کرا کر عہدہ چھوڑ دیں گی۔

 

اُدھر نامزد ہونے والے وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ پارٹی کی طرف سے وزیراعظم کے عہدے پر نامزدگی میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ اب وقت ہے متحد ہو کر ملک کے لیے مل کر چلنا کا، بریگزٹ کے معاملے پر ملک کیلئے کچھ کرنے کا وقت ہے اور کوربن کو ہرائیں گے۔

 

تھریسامے نے ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں بورس جانسن کو وزیراعظم اور کنزرویٹو پارٹی کا سربراہ بننے پر مبارکباد پیش کرتی ہوں، بریگزٹ کے معاملے پر اب ہمیں مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، ہماری پوری سپورٹ آپ کیساتھ ہے۔

یاد رہے کہ چند پشتوں پہلے بورس جانسن کا خاندان ناصرف مسلمان تھا بلکہ ان کے پڑدادا کا شمار سلطنت عثمانیہ کے آخری دور کی اہم شخصیات میں ہوتا ہے۔ ان کا نام علی کمال تھا۔ وہ ایک صحافی اور لبرل سیاستدان تھے۔ علی کمال کے والد کا نام احمد آفنندی تھا اور پیشے کے لحاظ سے تاجر تھے۔ وہ استنبول میں 1867ء میں پیدا ہوئے تھے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق علی کمال کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے ابتدائی تعلیم استنبول میں حاصل کی تاہم اعلیٰ تعلیم کے لیے بیرون ملک چلے گئے، انہوں نے جنیوا، پیرس میں سیاسیات میں ڈگری مکمل کی۔ 1903ء میں ایک سوئس خاتون ونی فریڈ برون سے شادی کی، اس کی شادی کے بعد ان کے ہاں دو بچے پیدا ہوئے، بڑی بیٹی کا نام سلمی رکھا گیا جبکہ بیٹے کا نام عثمان علی رکھا گیا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق عثمان علی کی ولادت کے بعد فوراً بعد ان کی والدہ کا انتقال ہو گیا پھر دونوں بچوں کو ان کے ننھیال برطانیہ بھیج دیا گیا جہاں ان کی نانی مارگریٹ برون نے ان کی پرورش کی۔