نیویارک: (دنیا نیوز) ایرانی صدر حسن روحانی نے نیویارک میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی تنصیبات پر حملے کے الزامات لگانے والے ثبوت فراہم کریں، ایران کے میزائل پروگرام پر سمجھوتہ ناممکن ہے، امریکا کو ایران سے مذاکرات کے لئے دباؤ کی پالیسی ختم کرنا ہو گی۔
ایرانی صدر حسن روحانی کا اقوام متحدہ میں نیوز کانفرنس سے خطاب، سعودی تنصیبات پر حملے کے الزام کا ثبوت مانگ لیا، ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ جو لوگ ایران پر سعودی تنصیبات پر حملے کا الزام لگا رہے ہیں وہ ثبوت فراہم کریں، ایران کے ساتھ مذاکرات کے لئے امریکا کو دباؤ کی پالیسی ختم کرکے ایٹمی معاہدے پر واپس آنا ہو گا، ایران کے میزائل پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، ماضی میں قیدیوں کے تبادلے پر امریکا، ایران مذاکرات ہوئے تھے۔ ایران نے امریکی قیدی رہا کر دیا مگر امریکا نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا۔
دوسری جانب ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے یورپ کو ناقابل اعتماد قرار دے دیا، ایرانی حکام سے خطاب میں انکا کہنا تھا کہ تہران کو یورپی ملکوں پر دوبارہ اعتماد نہیں کرنا چاہیے کیونکہ انہوں نے گیارہ میں سے کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یورپی ممالک مستقبل میں بھی ایران کے لئے کچھ نہیں کر سکیں گے، ان پر اعتماد نہیں کرنا چاہیے۔