عراق: کرفیو کی خلاف ورزی پر فائرنگ، 4 روز میں ہلاکتوں کی تعداد 31 ہو گئی

Last Updated On 04 October,2019 06:10 pm

بغداد: (دنیا نیوز) عراق میں سکیورٹی فورسز نے کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والے مظاہرین پر فائرنگ کر دی، بغداد سمیت ملک کے متعدد شہروں میں چار روز سے جاری ان مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد 31 ہو گئی۔

عراق میں حکومت مخالف مظاہرے پرتشدد صورتحال اختیار کر گئے، بغداد میں سکیورٹی فورسز نے کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والے مظاہرین پر فائرنگ کر دی۔ چار روز سے جاری مظاہروں کا سلسلہ مختلف شہروں تک پھیل گیا۔ خبر ایجنسی کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد اکتیس ہوگئی جبکہ پانچ سو سے زائد زخمی ہیں۔

عراق کے وزیراعظم عبدالمہدی کا کہنا ہے کہ غیر معینہ مدت کے لیے لگائے گئے کرفیو کا نفاذ امن برقرار رکھنے اور مظاہرین کی حفاظت کے لیے اہم ہے۔ بدعنوانی، بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی اور بے روزگاری کے خلاف عراقی عوام سڑکوں پرہیں۔