ٹورنٹو: (دنیا نیوز) وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی لبرل پارٹی نے کینیڈا کے عام انتخابات میں اکثریت حاصل کر لی ہے۔ اپنے ووٹرز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام نے ترقی کے ایجنڈے کو ووٹ دیئے ہیں۔ کنزروٹیو پارٹی کے لیڈر اینڈریو نے کہا کہ ان کی پارٹی گورنمنٹ ان ویٹنگ ہے۔
کینیڈا کے وفاقی انتخابات، وزیراعظم جسٹن ٹرڈو کی لبرل پارٹی نے سب سے زیادہ سیٹیں حاصل کر لیں تاہم ماضی کے مقابلے میں ان کی برتری میں کمی سامنے آئی ہے۔ جسٹن ٹروڈو اپنی اہلیہ کے ساتھ اپنے ووٹرز کے سامنے سٹیج پر آئے اور کہا کہ عوام نے ترقی کے ایجنڈے کو ووٹ دیئے ہیں، وہ موسمیاتی تبدیلوں پر اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
کنزروٹیو پارٹی کے لیڈر اینڈریو شیئر نے زیادہ سیٹیں جیتنے پر انہیں مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی گورنمنٹ ان ویٹنگ ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ جسٹن ٹروڈو کو شاندار اور سخت جیت پر مبارک باد۔
کینیڈا کے سرکاری ٹی وی کے مطابق جسٹن ٹروڈو کی لبرل پارٹی معمولی فرق سے حکومت بنا لے گی۔ ٹروڈو کو کنزرویٹو پارٹی سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ لبرل پارٹی نے 156 سیٹیں جبکہ کنزروٹیو نے 122 نشستیں حاصل کیں۔ 338 کے ایوان میں سادہ اکثریت کے لیے 170 سیٹیں درکار ہیں۔
نیو ڈیموکریٹک پارٹی نے 24 نشستیں حاصل کر رکھی ہیں۔