شہزادہ ہیری اور میگھن کے فیصلے کی تائید کرتے ہیں: ملکہ برطانیہ

Last Updated On 13 January,2020 11:25 pm

لندن: (دنیا نیوز) ملکہ برطانیہ کی طرف سے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن کی خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی زندگی شروع کرنے کے فیصلے کی مکمل تائید کر دی گئی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق شہزادہ ہیری اور میگھن سے متعلق ملکہ برطانیہ نے بڑا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ میں اور میراخاندان ہیری اور میگھن کی خواہش کو مدنظررکھتے ہوئے ایک نئی زندگی شروع کرنے کے فیصلے کی مکمل تائید کرتا ہے، ہیری اورمیگھن کے نئے کردار کو مکمل سپورٹ کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بہتر یہی ہوتا کہ ہیری اورمیگھن شاہی رکن کی حیثیت سے کام جاری رکھتے، توقع ہے کہ جلد ہیری اورمیگھن کے مستقبل سے متعلق فیصلہ ہو جائے گا، شاہی جوڑے کے مستقبل کا فیصلہ ہونے تک وہ کینیڈا اوربرطانیہ میں وقت گزارسکتے ہیں۔

ملکہ برطانیہ کا مزید کہنا تھا کہ پیچیدہ معاملات کے حل کے لئے کافی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل برطانوی شاہی خاندان کے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ اور سابق امریکی اداکارہ میگھن مارکل نے شاہی خاندان کی ذمہ داریوں اور شاہی حیثیت سے دست برداری کا اعلان کرتے ہوئے دونوں نے مالی طور پر خود کفیل ہونے کے اقدامات کا اعلان کیا تھا۔

برطانوی شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کا کہنا تھا کہ ہم اپنا وقت برطانیہ اور شمالی امریکا کے درمیان گزارنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ یہ جغرافیائی توازن ہمیں اپنی شاہی روایت کی تعریف کے ساتھ اپنے بیٹے کی پرورش کرنے کے قابل بنائے گا جس میں وہ پیدا ہوا تھا اور ساتھ ہی ہمارے اہلخانہ کو اگلے باب پر توجہ مرکوز کرنے کا موقع فراہم کرے گا جس میں ہمارے نئے خیراتی ادارے کا آغاز بھی شامل ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ شاہی جوڑے نے اس فیصلے کے بارے میں شہزاہ ولیم سمیت کسی شاہی فرد سے مشورہ نہیں کیا۔ یہی وجہ ہے کہ بکنگھم پیلس ان کے اس اعلان سے مایوس ہوا ہے۔ تاہم انسٹاگرام پر پوسٹ کردہ اس بیان میں شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کے بارے میں کئی ماہ سے غوو خوض کررہے تھے۔

کچھ عرصہ پیشتر میگھن مارکل نے  آئی ٹی وی  کی ایک دستاویز فلم کے لیے دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ انہیں شاہی خاندان اور ایک بچے کی ماں کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں مشکل پیش آ رہی ہے۔

میڈٰیا رپورٹس میں شہزادہ ہیری اور ان کے بھائی ولیم کےدرمیان اختلافات کی خبریں بھی آتی رہی ہیں۔ ہیری کہہ چکے ہیں کہ ان کے اور شہزادہ ولیم کے راستے الگ الگ ہیں۔ گذشتہ اکتوبر میں ڈیوک اینڈ ڈچز آف سسیکس نے میڈیا کی زد میں رہنے کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات کا ذکر کیا تھا۔