لاہور: (ویب ڈیسک) برٹش اوپن جونیئر سکواش انڈر 15 کا ٹائٹل پاکستان نے اپنے نام کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے شہر برمنگھم میں ہونے والے برٹش اوپن جونیئر سکواش انڈر 15 کا ٹائٹل پاکستان کے کھلاڑی حمزہ خان نے جیت لیا۔ انہوں نے فیصلہ کن میچ کے دوران برطانوی کھلاڑی کو پچھاڑا۔
فائنل میچ کے دوران انہوں نے برطانیہ کے یوسف شیخ کو 4-11، 3-11ا ور 7-11 سے زیر کیا۔
اس سے قبل برطانیہ کے شہر برمنگھم میں برٹش اوپن جونئیرز کے انڈر 15 سیمی فائنل میں پاکستان کے حمزہ خان نے مصر کے یاسین شودے کو بھی تین صفر سے شکست دی تھی۔
حمزہ خان نے پہلی گیم 8-11، دوسری گیم 7-11 اور تیسری گیم میں 5-11 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے میچ اپنے نام کیا تھا۔
انڈر 15 کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کے محمد عماد کو برطانیہ کے یوسف شیخ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ برطانوی کھلاڑی نے عماد کو 0-3 سے شکست دے کر مقابلہ اپنے نام کیا۔
انڈر 17 مقابلے میں بھی پاکستان کے نور زمان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹاپ سیڈ برطانیہ کے سیم ٹاڈ نے سیمی فائنل باآسانی 0-3 سے اپنے نام کر لیا تھا۔