لاہور: (ویب ڈیسک) انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو 26 رنز سے شکست دیکر تین میچز کی سیریز میں 3-0 سے کامیابی حاصل کر لی ہے۔
کنرارا اوول ملائیشیا میں کھیلے جانے والے میچ میں مہمان ٹیم کی کپتان ہیتھر نائب نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، 31 سکور پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد کپتان ہیتھر نائب اور ایمی جونز نے پر اعتماد کھیل کا مظاہرہ کیا، دونوں بیٹسمویمن کے درمیان 81 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ ہیتھر نائب 43 اور ایمی جونز 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔
اختتامی اوورز میں فرین ولسن اور ٹیمی بیماؤنٹ کے جارحانہ کھیل کی بدولت مہمان ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔ ڈیانا بیگ نے دو شکار کیے۔
ہدف کے تعاقب میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی اوپنرز ایک بار پھر متاثر کن کھیل کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہیں اور محض 29 رنز پر دونوں بیٹسمویمن پویلین واپس لوٹ گئیں، مڈل آرڈر بیٹسمویمن جویریہ خان نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، تاہم اس دوران ان کا ساتھ نبھانے کے لیے کوئی دوسری بیٹسمویمن زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکی۔
جویریہ خان نے 57 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، وکٹ کیپر سدرہ نواز نے جارحانہ کھیل پیش کیا تاہم وہ بھی ٹیم کو جیت نہ دلوا سکیں، وہ 7 گیندوں پر 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ قومی ٹیم مقررہ اوورز میں 141 رنز بنائے، سارہ گلین اور شرب سول نے 2.2 وکٹیں حاصل کیں۔
انگلینڈ ویمنز ٹیم کی کپتان ہیتھر نائب پلیئر آف دی میچ اور اوپنر ایمی جونز پلیئر آف دی سیریز قرار پائیں۔