لندن: (دنیا نیوز) برطانیہ کے عام انتخابات میں پندرہ پاکستانی نژاد امیدوار اپنی نشستوں پر کامیاب ہو گئے ہیں جن میں سابق وزیرداخلہ ساجد جاوید، ناز شاہ، یسمین قریشی اور رحمن چشتی شامل ہیں۔
برطانوی عام انتخابات میں پاکستانی امیدواروں کی کامیابی، برطانیہ کے سابق وزیر داخلہ ساجد جاوید نے برومس گرو سے اپنی نشست جیت لی۔ انہوں نے کنزرویٹوپارٹی کی ٹکٹ سے عام انتخابات میں حصہ لیا۔ لیبر پارٹی کی ناز شاہ بریڈ فورڈ سے کامیاب ہو گئیں وہ مسلسل تیسری بار اپنی نشست جیتنے میں کامیاب ہوئی ہیں، انہوں نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو بھی کی۔
لیبر پارٹی کے پاکستانی نژاد خالد محمود نے بھی برمنگھم سے اپنی نشست جیت لی ہے۔ لیبر پارٹی ہی کی یاسمین قریشی بھی ساؤتھ بولٹن سے کامیاب ہو گئی ہیں۔
پاکستانی نژاد کنزرویٹو پارٹی کے امیدوار رحمن چشتی بھی کامیاب ہوئے۔ بریڈ فورڈ ایسٹ سے لیبر پارٹی کے امیدوار پاکستانی نژاد عمران حسین کامیاب ہوگئے۔
کونٹری ساوتھ سے لیبر پارٹی کی امیدوار پاکستانی نژاد زارہ سلطانیہ اور برمنگھم ہال گرین سے لیبر پارٹی کے امیدوار پاکستانی نژاد طاہر علی کامیاب ہوئے۔
بریڈفورڈ ایسٹ سے عمران حسین تیسری بار کامیاب ہوئے۔ مریڈن سے کنزرویٹو پارٹی کے امیدوار پاکستانی نژاد ثاقب بھٹی کامیاب ہو گئے۔