لندن: (دنیا نیوز) ملکہ الزبتھ کے چھوٹے بیٹے شہزادہ اینڈریو نے اپنی شاہی ذمہ داریوں سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق برطانوی ملکہ نے ڈیوک آف یارک کو ان کی سرکاری خدمات سے سبکدوش ہونے کی اجازت دے دی، اس بات کی تصدیق شہزادہ اینڈریو کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بھی ہوئی جس میں انہوں نے بچوں سے جنسی جرائم کے مجرم جیفری ایپسٹین سے تعلقات کا معاملہ منظر عام پر آنے سے متعلق بتایا۔
شہزادہ اینڈریو برطانوی ملکہ الزبتھ کے دوسرے بیٹے اور برطانیہ کے تخت و تاج کے امیدواروں کی قطار میں آٹھویں نمبر پر ہیں۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ شہزادہ اینڈریو پر جنسی ہراسگی کا الزام لگانے والی خاتون ورجینیا رابرٹس نے اپنے عدالتی بیان میں کہا تھا کہ جب وہ 15 برس کی تھیں تو شہزادہ اینڈریو اور جیفری ایپسٹن نے ان سے زبردستی جنسی تعلقات قائم کئے تھے۔