مقبوضہ کشمیر: قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی جاری، ایک اور نوجوان شہید

Last Updated On 15 January,2020 05:28 pm

سرینگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کی آڑ میں مزید ایک کشمیری نوجوان کی جان لے لی۔ ایک سو چونسٹھ روز سے کرفیواورلاک ڈاؤن کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے دوسری جانب ضلع ادھم پور میں بھارتی فوجی نے ایک ساتھی کو قتل اوردوسرے کو زخمی کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔

دنیا نیوز کے مطابق مقبوضہ وادی میں انسانیت کو سسکتے 164روزبیت گئے، ضلع جموں کے علاقے ڈوڈا میں سرچ آپریشن کی آڑ میں ایک اور نوجوان شہید ہو گیا، نوجوان کی شناخت ہارون حماد کے نام سے ہوئی۔

مقبوضہ وادی میں دکانیں اور کاروباری مراکزبدستور بند ہیں، ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر جبکہ تعلیمی اداروں پر تالےلگے ہوئے ہیں، کمیونی کیشن بلیک آؤٹ نے بھی عوام کارابطہ دنیا بھر سے کاٹ رکھا ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق کشمیریوں کو موت کے گھاٹ اتارنے والے خوداپنی جانوں کے دشمن بن بیٹھے، ضلع ادھم پور میں بھارتی فوجی نے اپنے دوساتھیوں پر فائرنگ کرنے کے بعد خودکشی کرلی، واقعہ میں ایک اہلکار ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوا۔

رپورٹ کے مطابق جنوری 2007 سے اب تک 443 قابض فورسزکے اہلکار ذہنی تناؤ اور لمبی ڈیوٹیوں کے باعث خود کشی کرچکے ہیں۔