بھارت کا فالس فلیگ آپریشن ناکام، اپنے ہی پولیس افسر کو قربانی کا بکرا بنا دیا

Last Updated On 12 January,2020 10:16 pm

سرینگر: (دنیا نیوز) بھارت نے فالس فلیگ آپریشن کی ناکامی پر اپنے ہی پولیس افسر کو قربانی کا بکرا بنا دیا ہے۔ سری نگر میں ڈی ایس پی دویندر سنگھ کو ساتھی دہشتگردوں کے ہمراہ گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

بھارتی انٹیلی جینس نے فالس فلیگ آپریشن کی منصوبہ بندی کی تاہم مقامی ادارے لاعلم تھے۔ اسی اثنا میں فالس فلیگ آپریشن کا مرکزی کردار ڈی ایس پی دویندر سنگھ، ساتھی دہشتگردوں کے ہمراہ گرفتار کیا گیا۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ بھارتی پولیس کا ڈی ایس پی دویندر سنگھ دہشتگردوں کو کمک فراہم کرتا ہوا رنگے ہاتھوں گرفتار ہوا۔ اسی ڈی ایس پی رویندر سنگھ کو بہادری پر 15 اگست 2019ء کو صدارتی طلائی تمغہ دیا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ڈی ایس پی دویندر سنگھ سری نگر ایئرپورٹ پر تعینات تھا۔ یہ پولیس افسر دو مبینہ دہشتگردوں کیساتھ پایا گیا اور ان کیساتھ وانپوہ، کلگام سے دہلی جاتے گرفتار ہوا۔

گرفتار ہونے والا مبینہ دہشتگرد کشمیر میں مزدوروں، ٹرک ڈرائیورز سمیت 11 افراد کے قتل میں ملوث ہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں نومبر اور دسمبر 2019ء میں یہ قتل عام غیر کشمیریوں کے انخلا کیلئے کیا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی سرکار اور دہشتگرد گٹھ جوڑ سامنے آنے پر سری نگر اور جنوبی کشمیر میں چھاپے مارے گئے۔ اس مبینہ دہشتگرد کے انکشاف پر ڈی ایس پی رویندر کے سری نگر میں گھر سے اے کے 47 اور دو پستول برآمد ہوئے۔