مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں، عالمی برادری مرتکب افراد کو جوابدہ ٹھہرائے، وزیراعظم

Last Updated On 06 January,2020 10:38 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کے یوم حق خود ارادیت پر پیغام میں کہا ہے کہ بھارت 72 سال سے کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے۔ 9 لاکھ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کو عقوبت خانے میں بدل دیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت نے 5 اگست کے بعد کشمیر میں دہشتگردی کا بدترین دور شروع کیا۔ مقبوضہ کشمیرمیں بچوں، خواتین اور بزرگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ پانچ جنوری کا دن کشمیریوں کے حقوق کے عزم کو تقویت بخشتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1949ء میں اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا وعدہ کیا۔ یہ دن عالمی برادری کو کشمیریوں سے کیے وعدوں کی یاد دلاتا ہے۔ یو این اسمبلی اور سلامتی کونسل کے فیصلوں میں حق خود ارادیت کا اعتراف کیا گیا۔ سلامتی کونسل کشمیریوں سے کیے وعدے پورا کرنے میں ناکام رہی۔

وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری خوراک، صحت، اظہار رائے اور مذہبی آزادی سے محروم ہیں۔ کشمیریوں کو خود ارادیت کے حقوق سے محروم رکھا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی ریاستی سرپرستی میں دہشتگردی کی حالیہ لہر خطرناک ہے۔ مسلمانوں سے امتیازی سلوک بھارتی حکومت کے ہندوتوا نظریہ کا مظہر ہے۔ عالمی برادری انسانی حقوق کی پامالیوں کے مرتکب افراد کو جوابدہ ٹھہرائے۔
 

Advertisement