اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مسلم کش ایجنڈے کے تحت فاشسٹ مودی حکومت مسلمانوں پر ظلم و بربریت کی نئی داستانیں رقم کر رہی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کا منظم طریقے سے قتل عام کیا جا رہا ہے جو کہ سفاک مودی حکومت کے مسلم کش ایجنڈے کا بنیادی حصہ ہے۔
سفاک مودی سرکار کے مسلم کش ایجنڈے کے تحت ہندوستان میں مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے اور بھارتی پولیس بربریت کی نئی مثالیں قائم کررہی ہے۔
https://t.co/BRI9LRHMX3
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) January 4, 2020
عمران خان نے کہا کہ یہی وجہ ہے بھارتی پولیس ہندوستان میں مقیم مسلم اقلیتوں پر ظلم و بربریت کی نئی مثالیں قائم کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ کے ساتھ اترپردیش میں جاری مسلم کش کارروائیوں کی تصاویر بھی شیئر کیں۔
یاد رہے گزشتہ روز بھی وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ دنیا کب تک انتہا پسند مودی کے فاشسٹ اقدامات پر خاموش رہے گی، بھارتی حکومت ریاستی دہشت گردی پر اتر آئی ہے، مبالغہ آمیز نہیں کہ وزیراعلیٰ اتر پردیش نے اقلیتوں کے خلاف اعلان جنگ کر دیا۔
عمران خان نے اپنے پیغام میں بھارتی اخبار کے آرٹیکل کا حوالہ بھی دیا جس میں نفرت کی پالیسیوں پر تنقید کی گئی۔ جس کے مطابق پولیس کا تعصب اور اقلیتوں کے خلاف تشدد غیر معمولی ہے، جان بوجھ کر اقلیتوں پر حملہ کیے جا رہے ہیں۔