فیصل آباد: ( شہروز عباد سے ) وزیر اعظم عمران خان کا دورہ فیصل آباد حکومتی دعوؤں اور مقامی صنعتکاروں کی خواہشات کے مطابق ابتدائی طور پر تو کامیاب قرار دیا جا رہا ہے تاہم حکومت اگر اپنے وعدے وفا کرے تو اس دورہ کے دوررس نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔
وزیر اعظم کے دورہ سے مانچسٹر آف پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔ صنعتی طبقہ انتہائی خوش نظر آرہا ہے، شہر کے اندر ایک صنعتی شہر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے جہاں چار ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر بنائے جانیوالے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں 40 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے جہاں پر ملکی اور بین الاقوامی صنعتکار اپنی انڈسٹری قائم کریں گے اور تین لاکھ سے زائد افراد کو باعزت روزگار ملے گا۔
علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں آٹو موبیل، ٹیکسٹائل، انجینئرنگ، فارما سوٹیکل، فوڈ پراسیسنگ، کیمیکل اور تعمیراتی میٹریل کے یونٹس لگائے جا رہے ہیں۔ پاکستان چائنا اکنامک کوریڈور (سی پیک) کے تحت ملک بھر میں نو صنعتی زون بنائے جا رہے ہیں جن میں سے ابتدائی طور پر تین اکنامک زونز کو خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ایک اکنامک زون سندھ کے علاقہ دھابیجی، دوسرا خیبرپختونخوا کے شہر رشکئی اور تیسرا پنجاب کے شہر فیصل آباد میں بنایا جا رہا ہے جس کا افتتاح وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز کر دیا ہے۔
فیصل آباد کے سپیشل اکنامک زون کو علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا نام دیا گیا۔ اس منصوبے کے افتتاح سے فیصل آباد کے باسی بھی خوش نظر آرہے ہیں کیونکہ انہیں امید ہے کہ فیصل آباد مانچسٹر آف پاکستان کا کھویا ہوا اعزاز دوبارہ حاصل کر سکے گا۔ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد یہ شہر حقیقی معنوں میں ملک کا مانچسٹر بن جائے گا لیکن یہاں پر یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے آج تک اس شہر میں کوئی بھی میگا منصوبہ شروع نہیں کیا گیا۔ سابق حکومت کے چھوڑے ہوئے دو اہم پراجیکٹ جن میں کینال روڈ پر کشمیر پل انڈر پاس اور بیرون چنیوٹ بازار پارکنگ پلازہ تکمیل کے لئے موجودہ حکومتی ممبران اسمبلی اور انتظامیہ کی راہ تک رہے ہیں۔
اس صورتحال میں فیصل آباد میں صنعتی شہر کا افتتاح خوش آئند ہے جہاں مقامی صنعتکاروں کے علاوہ حکومتی سطح پر ہونے والے وعدے اگر وفا ہوگئے تو یہ شہر حقیقی معنوں میں ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن ہو جائے گا۔ اس بار مقامی صنعتکاروں بالخصوص فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈیویلپمنٹ مینجمنٹ کمپنی کے سربراہان کی خصوصی کاوشوں اور ذاتی دلچسپی کے باعث ذاتی سرمایہ کاری بھی شامل کی گئی ہے جس کے نتیجہ میں فیصل آباد انڈسٹریل سٹی آباد ہونے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ انڈسٹری لگنے سے فیصل آباد اور ملحقہ اضلاع و تحصیلوں کے باسیوں کو بہترین اور باوقار روزگار بھی میسر ہوگا اور فیصل آباد ملکی ترقی میں پہلے کی نسبت اپنا بڑا اور بہتر حصہ ڈال سکے گا۔