ای آفس پر منتقلی: وزارت آئی ٹی کو 22 ارب دینے کا فیصلہ

Last Updated On 06 January,2020 09:48 am

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) وزیراعظم نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونی کیشن کو ایک سال میں وفاقی وزارتوں کو ای آفس پر منتقل کرنے اور پیپر لیس کام شروع کرنے کیلئے 22 ارب روپے بجٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈٹیلی کمیونی کیشن کو پہلے مرحلہ میں 35 وزارتوں اور 45 ڈویژنوں کو مکمل طور پر ای آفس نظام پر منتقل کرنے اور دوسرے مرحلہ میں انہیں آپس میں منسلک کرنے کا منصوبہ شروع کرنے کی منظوری دی ہے۔

وزارت آئی ٹی کا ماتحت ادارہ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی ) اور نیشنل ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی (این ٹی سی ) مذکورہ منصوبہ پر عمل درآمد کریں گے۔ این ٹی سی وفاقی وزارتوں اور ڈویژنوں کو ای آفس پر منتقل کرنے اور وزارتوں کے مابین رابطہ کیلئے آئی ٹی پلیٹ فارم تشکیل دے گا۔

اس منصوبے کے تحت انفرادی واجتماعی گروپس تشکیل دیئے جائیں گے جس کے تحت افسران و ملازمین سرکاری امور کیلئے آپس میں رابطہ کرسکیں گے اور سرکاری فائلوں کو ایک وزارت سے دوسری وزارت بھجواسکیں گے۔ اس منصوبے کے تحت ویڈیو اور وائس کالنگ نظام بنایا جائے گا جس کے ذریعے افسران اپنے دفاتر میں بیٹھ کر مختلف امور پر اجلاس اور رابطہ کرسکیں گے۔

وفاقی وزارتوں اور ڈویژنوں کے افسران کیلئے ویب سائٹس، ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر ایپس اور موبائل ایپس بنائی جائیں گی۔ اس منصوبے کا الگ ایڈمن ہوگا اور وفاقی وزارتوں اور ڈویژنوں کے مابین آئی ٹی ڈائریکٹری بنائی جائے گی جبکہ سرکاری امور کی سکیورٹی کیلئے آئی ٹی سرچ اور فلٹرز بنائے جائیں گے۔ وفاقی وزارتوں اور ڈویژنوں کیلئے سوشل میڈیا کی آسامیاں تشکیل دی جائیں گی جو کہ عالمی سوشل میڈیا کے سکیورٹی خطرات کا جواب دیں گے۔
 

Advertisement