امریکا میں کورونا سے صورتحال تباہ کن ہونے لگی، ایک روز میں آٹھ سو پینسٹھ افراد ہلاک ہو گئے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ کورونا وبا کے سبب اگلے دو ہفتے انتہا سے زیادہ درد ناک ہوں گے۔
امریکا میں کورونا سے صورتحال بے قابو، چوبیس گھنٹوں میں 865 افراد ہلاک ہو گئے۔ امریکا میں عالمی وبا کے سبب مرنے والوں کی تعداد 3 ہزار آٹھ سو نوے ہو گئی۔ ایک لاکھ اٹھاسی ہزار 878 افراد کورونا سے متاثر ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ آئندہ دو ہفتے بہت زیادہ تکلیف دہ ہونے جا رہے ہیں۔ امریکی عوام مشکل دنوں کے لیے تیار رہیں۔ وائٹ ہاؤس میں بریفنگ کے دوران صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ نظر نہ آنے والے دشمن کی وجہ سے امریکا میں اس طرح کی اموات ناقابل یقین ہیں۔
امریکی حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آئندہ ہفتوں میں ایک لاکھ امریکی عالمی وبا کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار جائیں گے۔ امریکی میڈیا کے مطابق گوام میں موجود بحری جہاز میں تقریباً چار ہزار افراد موجود ہیں اور ان میں سے اکثر کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آ چکے ہیں۔ بحری جہاز کے کپتان نے امریکی فوج سے مدد کی اپیل کی ہے۔