ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی فرمانروا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے یہاں غیر ملکیوں کے اقاموں میں تین ماہ کی توسیع کی منظوری دے دی ہے۔
سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے معاشی مسائل کے اثرات کم کرنے کے لیے حکومت کی طرف سے افراد، نجی شعبے، سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کی امداد کے لیے کوششیں جاری رکھتے ہوئے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے متعدد فیصلے کیے ہیں جن کی تفصیل دی جا رہی ہے۔
اعلامیے کے مطابق غیر ملکیوں کے فائنل ایگزٹ ویزوں میں مفت توسیع کی منظوری دی گئی ہے اور ان غیر ملکیوں کے اقاموں میں 3 ماہ مفت توسیع ہوگی جو ایگزٹ ری انٹری پر بیرون ملک گیے ہوئے ہیں اور جن کے ویزے پروازوں کی معطلی کی وجہ سے ختم ہو گئے ہیں۔
اس کے علاوہ مملکت میں موجود ان تمام غیر ملکیوں کے اقاموں اور وزٹ پر آنے والوں کے ویزوں میں بھی 3 ماہ مفت توسیع کی گئی ہے جن کے اقامے اور ویزے پروازوں کی معطلی کے دوران ختم ہوئے ہیں۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ شاہی فرمان میں مذکورہ بالا استثنائی صورتوں پر حسبِ ضرورت نظرثانی کی جائے گی۔
یہ توسیع ان غیر ملکیوں کے اقاموں کے لیے بھی موثر ہوگی جو مابعد کورونا انتظامات کے تحت سفری پابندیوں کی وجہ سے ایگزٹ ری انٹری پر بیرون ملک موجود ہیں۔ نیز ان کے ویزوں میں بھی اتنی ہی مدت کے لیے توسیع مفت کی جائے گی۔