ریاض: (ویب ڈیسک) خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ان غیر ملکیوں کی فیس میں ایک ماہ کی معافی کی منظوری دی ہے جن کے اقامے ختم ہیں، اس بات کا بھی خیال رکھا جائے گا کہ حسب ضرورت مزید ایک ماہ کی فیس میں بھی معافی ہوسکتی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شاہ سلمان بن عبد العزیز نے کورونا بحران سے متاثر ہونے و الے شعبوں، اداروں اور افراد کی مالی امداد میں توسیع کی بھی منظوری دیدی ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق کورونا بحران کے آغاز میں متاثرہ اداروں اور افراد کے لیے جس امداد کی منظوری دی گئی تھی اس میں مزید توسیع کی جائے گی تاکہ اس سے پوری طرح استفادہ کیا جائے۔
حکومتی امداد کی شاہی توسیع میں کہا گیا ہے کہ کورنا بحران کے باعث متاثر ہونے والے نجی شعبوں میں کام کرنے والے سعودی شہریوں کی امداد ’ساند سسٹم‘ کے تحت جاری رہے گی۔
غیر ملکی کارکنوں کے ریکروٹمنٹ اداروں کے جرمانے معاف کیے جائیں گے۔ جن نجی شعبوں کو لائسنس کے مطابق کام نہ کرنے پر بلیک لسٹ کیا گیا تھا، انہیں بحال کیا جائے گا۔
تمام نجی شعبوں کے نطاقات پروگرام میں ایک سعودی ملازم کا اضافہ تصور کیا جائے گا۔ شہریوں کی کم سے کم تنخواہ کی پابندی نہ کرنے والے جن اداروں کو کاروبار سے روک دیا گیا تھا انہیں فی الحال بحال کیا جائے گا۔ تمام درآمدات پر فیس 30 دن کے لیے معطل کی جائے گی تاہم اس کے لیے اداروں کو بینک گارنٹی دینی ہوگی۔