ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کی حکومت نے مسلمانوں کے مقدس ترین شہر مکہ مکرمہ میں سخت حفاظتی اقدامات کے تحت بروز اتوار مورخہ 21 جون سے تمام مساجد کو کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ تمام مساجد کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کے باعث گزشتہ تین ماہ سے بند پڑی تھیں۔ سعودی وزارت مذہبی امور نے جمعہ کو جاری ایک بیان میں کہا کہ مساجد کو دوبارہ کھولنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گی، جن میں اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ جائے نماز کو صرف ایک بار استعمال کیا جائے اور نمازی ایک دوسرے سے محفوظ فاصلہ رکھیں۔
سعودی وزارت نے کہا کہ نماز کے دوران سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کے لیے مساجد میں نشانات لگا دیے گئے ہیں۔ رضاکار مساجد میں داخل ہونے پر نمازیوں کو حفاظتی اقدامات سے بھی آگاہ کریں گے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب میں کورونا کے ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 1,184 تک پہنچ چکی ہے۔
اس سے قبل وزارت اسلامی امور نے 31 مئی کو مکہ مکرمہ کے علاوہ سعودی عرب کے تمام علاقوں کی مساجد کھول دی تھیں اور طے کر دیا تھا کہ اگر کوئی بڑی تبدیلی واقع نہ ہوئی تو ایسی صورت میں اتوار 21 جون سے مکہ مکرمہ کی مساجد بھی نمازیوں کے لیے کھول دی جائیں گی۔