ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال محدود حج ہو گا۔ملک میں مختلف قومتیوں کے مقامی افراد حج ادا کریں گے۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت حج نے اعلان کیا ہے کہ امسال محدود حج ہوگا۔ دنیا کے 180 سے زیادہ ملکوں میں نئے کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر محدود تعداد میں اندرون ملک سے مختلف ممالک کے شہریوں کو حج کا موقع دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں 5 لاکھ کے قریب وائرس سے اموات ہوچکی ہیں اور 70 لاکھ سے زیادہ لوگ کورونا سے متاثر ہیں-
ایس پی اے کے مطابق وزارت حج نے بیان میں ہے کہ کورونا کی وبا کے ماحول، دنیا بھر میں وائرس کے پھیلنے کے خطرات اور روز بروز دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر طے کیا گیا ہے کہ اس سال حج میں اندرون ملک سے مختلف ممالک کے عازمین کو محدود تعداد میں شریک کیا جائے گا-
بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ اس بنیاد پر کیا گیا ہے کہ حج محفوط صحت ماحول میں ہو۔ کورونا سے بچاؤ کے تقاضے پورے کیے جائیں- عازمین حج کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے سماجی فاصلہ برقرار رکھا جاسکے اور انسانی جان کے تحفظ سے متعلق اسلامی شریعت کے مقاصد پورے کیے جاسکیں۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب: تمام شہروں میں کرفیو ختم اور معمولات زندگی بحال کرنیکا اعلان
سعودی حکومت جو ہر سال حج اور عمرے پر آنے والے لاکھوں فرزندان اسلام کی خدمت کا اعزاز حاصل کرتی ہے، دنیا بھر کے مسلمانوں کو یقین دلانا چاہتی ہے کہ یہ فیصلہ حرمین شریفین کے زائرین کی صحت و سلامتی کے جذبے سے کیا گیا ہے-
وزارت حج نے اپنا بیان اس دعا پر ختم کیا کہ اللہ تعالی دنیا کے تمام ممالک کو اس وبا سے تحفظ فراہم کرے اور ہر آفت سے بنی نوع انساں کی حفاظت کرے- اللہ تعالی ہر چیز پر قادر ہے۔
اس سے قبل سعودی عرب میں ملک کے تمام شہروں میں کرفیو ختم اور معمولات زندگی بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت داخلہ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 26 مئی کو جاری ہونے والے بیان اور صحت اداروں کی سفارشات کی روشنی میں سخت حفاظتی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے ملک بھر میں معمولات زندگی بحال کرنے کے امکانات پر غور کرنے کے بعد ایوان شاہی نے چند فیصلے کیے ہیں جن کی تفصیل درج ذیل ہے۔
وزارت داخلہ کی طرف سے مزید بتایا گیا کہ اول یہ کہ اتوار کو صبح 6 بجے سے تمام شہروں میں کرفیو ختم کیا جائے گا۔ تمام کاروباری سرگرمیاں بحال کی جائیں گی، تاہم حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔
سعودی وزرت داخلہ کے اعلامیے کے مطابق اتوار کو صبح 6 بجے سے تمام شہروں میں کرفیو ختم کیا جائے گا۔تمام کاروباری سرگرمیاں بحال کی جائیں گی تاہم حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔