لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے تین کھلاڑیوں حیدر علی، حارث رؤف اور شاداب خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو پی سی بی کی ہدایت پر قرنطینہ کر لیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنی ویب سائٹ اور ٹویٹر اکاؤنٹ سے کھلاڑیوں کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیسٹ سے قبل تینوں میں کوویڈ 19 کی کوئی علامات نہیں پائی گئی تھی۔
پی سی بی کے مطابق تینوں کھلاڑیوں کا ٹیسٹ اتوار کو ہوا تھا، جیسے ہی رزلٹ موصول ہوا انھیں فوری طور پر سیلف آئسولیشن میں جانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
کھلاڑیوں کی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ پر اپ ڈیٹ https://t.co/yiIg8BmO8P
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) June 22, 2020
کرکٹ بورڈ کا میڈیکل پینل اس سلسلے میں حیدر علی، حارث رؤف اور شاداب خان سے مکمل رابطے میں ہے۔ اس کے علاوہ دیگر دو کھلاڑی، عثمان شنواری اور عماد وسیم کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ دونوں کھلاڑیوں کو 24 جون کو لاہور پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب شعیب ملک، کلف ڈیکن اور وقار یونس کےعلاوہ سکواڈ میں شامل دیگر تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کوویڈ 19 ٹیسٹ آج مکمل کر لیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دورہ انگلینڈ: قومی کرکٹرز اور ٹیم آفیشلز نے کورونا ٹیسٹ کے سیمپل دے دیئے
خیال رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹرز کی پہلی کووڈ 19 ٹیسٹنگ مکمل کر لی گئی ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے آئندہ ماہ دورہ انگلینڈ کے لیے روانہ ہونا ہے۔ اس دوران وہاں پر تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلنا ہے جس کے لیے قومی ٹیم کے سکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔
قومی ٹیم کے انگلینڈ سے روانگی سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے قومی کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔ کھلاڑیوں کے آج لیے گئے کووڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ 24 جون کو آئے گی، شعیب ملک کا کووڈ 19 ٹیسٹ بعد میں لیا جائے گا۔ ٹیسٹ کلیئر ہونے کی صورت میں کھلاڑی 25 جون کو لاہور پہنچیں گے۔
یاد رہے کہ قومی ٹیم 28 جون کو انگلینڈ روانہ ہوگی۔ انگلینڈ جانے سے قبل کھلاڑیوں کے دوسری بار کووڈ 19 ٹیسٹنگ 25 جون کو ہو گی۔ بورڈ کے مطابق فاسٹ باؤلر عثمان شنواری، حارث رؤف، حیدر علی، شاداب خان، عماد وسیم، عمران خان، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد رضوان، فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی اور یاسر شاہ نے کورونا ٹیسٹ دیا تھا۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں قائم حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں 7 کھلاڑیوں نے دورہ انگلینڈ کے لیے کورونا ٹیسٹ دیے، ان میں سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد، اسد شفیق، فواد عالم، سہیل خان، شان مسعود، محمد حسنین اور کاشف بھٹی شامل تھے۔
دورہ انگلینڈ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ اور سابق ٹیسٹ کپتان یونس خان بھی کورونا ٹیسٹ دینے کے لیے سٹیڈیم پہنچے، سٹیڈیم میں داخلے سے قبل کھلاڑیوں اور یونس خان کا درجہ حرارت بھی جانچا گیا۔
ٹیسٹ کے موقع پر پی سی بی کے فزیو ڈاکٹر امتیاز خان اور اور ایچ پی سی کے سعد بھی معاونت کے لیے موجود تھے،حفاظتی تدابیر کے وجہ سے میڈیا کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی،انگلینڈ روانگی سے قبل دوسرا کورونا ٹیسٹ 25 جون کو طے ہے۔