بلغراد: (ویب ڈیسک) ٹینس کی دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی نوواک جوکووچ میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سربیا سے تعلق رکھنے والے ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ نے گزشتہ ہفتے ایڈریا ٹور میں شرکت کی تھی، اس موقع پر ایس او پیز کو نظر انداز کرتے ہوئے کروشیا کے سٹیڈیمز کو تماشائیوں سے بھر دیا گیا تھا۔
جوکووچ نے اپنے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ بلغراد واپس لوٹنے پر میرے اور اہلیہ کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تاہم ہمارے بچے اس سے متاثر نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ کسی کی صحت کی صورتحال پیچیدہ نہیں ہوگی اور سب صحتیاب ہو جائیں گے۔
انہوں نے اپنی ویب سائٹ کے ذریعے اپنے مداحوں کو بتایا کہ میں آئندہ روزہ روز تک قرنطینہ میں رہوں گا اور پانچ روز میں دوبارہ ٹیسٹ کراؤں گا۔
جوکووچ نے مزید کہا کہ ہمارے ٹینس ٹورنامنٹ کا مقصد پورے خطے میں یکجہتی اور ہمدردی کا پیغام بانٹنا تھا۔ ہم نے جو کچھ بھی کیا وہ سچے دل اور خلوص نیت سے کیا۔ اس ٹور کا انعقاد اس لیے بھی کیا گیا تاکہ ابھرتے ہوئے ٹینس کھلاڑیوں کو مقابلوں تک رسائی حاصل کرنے میں مدد دی جا سکے۔
ادھر خبریں ہیں کہ گرگور ڈیمیٹروو، بورنا کارک اور وکٹر ٹروکی کے کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آئے ہیں، جنہوں نے گزشتہ ہفتے کے ایونٹس میں کھیلے گئے فٹبال اور باسکٹ بال کے میچز میں شرکت کی تھی۔