اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت میں کورونا کے پھیلاؤ میں تشویشناک حد تک اضافے کے بعد آج مزید علاقے سیل کر دیئے جائیں گے، شہریوں کو خوراک و دیگر ضروری انتظام کیلئے 24 جون کی شام 7 بجے تک کا وقت دے دیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے سیکٹرز جی سکس ون، جی سکس ٹو، جی سیون ٹو اور جی ٹین فور آج سیل کر دیئے جائیں گے، شہریوں کو اشیائے خورونوش اور دیگر ضروری انتظامات کیلئے آج شام 7 بجے تک وقت دیا تھا، ان علاقوں میں گزشتہ چند روز کے دوران درجنوں کیسز رپورٹ ہوئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق غوری ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں بھی کورونا وائرس کے ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی ہوئی ہے، اس سے پہلے اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ، آئی ٹین، جی نائن اور کراچی کمپنی مرکز کو بھی سیل کیا جا چکا ہے۔