پیرس: مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کو سال مکمل ہونے پر ایفل ٹاور پر بڑا مظاہرہ

Last Updated On 05 August,2020 11:51 pm

پیرس: (دنیا نیوز) کشمیری و پاکستانی کمیونٹی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے مسلسل لاک ڈاؤن کو ایک سال مکمل ہونے پر ایفل ٹاور کے مقام پر فرانس کی تاریخ کا سب سے بڑا مظاہرہ کیا۔

مظاہرے میں ہر مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے پوری دنیا کی نظریں مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم وستم کی طرف مبذول کروائی اور کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ دنیا بھر کے تمام فورمز پر کشمیر کے حوالے سے آواز اٹھائی جائے۔

مظاہرے کا مقصد دنیا کو بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر ظلم و ستم، غیر آئینی اقدامات، غاصبانہ لاک ڈاؤن کے بارے میں بتانا تھا۔ مقبوضہ کشمیر میں ایک سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود اقوام متحدہ اور امن کے دعویدار لیڈروں کی پراسرار خاموشی لمحہ فکریہ ہے، مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ صرف کشمیریوں کا ہی نہیں نہ ہی مسلمانوں اور انسانیت کا مسئلہ ہے جس کیلئے تمام دنیا کو اکٹھے ہوکر اس مسئلہ کو حل کروانے کی ضرورت ہے۔

مظاہرے کی قیادت آرگنائز صاحبزادہ عتیق الرحمان نے کی، صدر مسلم لیگ (ق) فرانس چوہدری منیراحمد وڑائچ، قائم مقام صدر منہاج القرآن فرانس مہر ندیم، صدر پاکستان پیپلز پارٹی فرانس چوہدری محمد رزاق ڈھل، قائم مقام صدر تحریک انصاف فرانس نعمت اللّٰہ شیخ، پاک فرانس ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری نوید پکھووال، قائم مقام صدر مسلم لیگ ن فرانس سردار ظہور اقبال سمیت دیگر نے مظاہرے میں شرکت کی۔
 

Advertisement