واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا میں مسلم رہنماؤں اور تنظیموں نے ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جو بائیڈن کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
ممتاز امریکی مسلم رہنما طاہر جاوید اور ان کے ہمراہ نعمان حسین، محسن انصاری، مصطفی تمیز، ڈاکٹر اعجاز احمد نے صدارتی امیدوار جو بائیڈن سے ورچول میٹنگ کی، اس موقع پراہم امور پرگفتگو کی گئی۔
جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ وہ اسلام اور مسلمانوں کی دل سے قدر کرتے ہیں، جوبائیڈن نے بتایا کہ انہوں نے اسلام کے بارے میں پی ایچ ڈی اسکالر سے خصوصی کلاسیں بھی لی ہیں، مسلم رہنماؤں کا کہنا تھا امریکی مسلمانوں کی اکثریت جو بائیڈن کے ساتھ ہے۔
واضح رہے کہ ٹرمپ کی مسلم مخالف پالیسیوں کے سبب امریکہ میں رہنے والے مسلمانوں کو سخت مایوسی ہوئی ہےِ، خصوصا صدر ٹرمپ کی فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی ظالمانہ کارروائیوں کی حمایت نے مسلمانوں کو شدید دکھی کیا ہے۔ اس لئے رواں سال امریکی مسلمانوں نے ان کے مخالف جوبائیڈن کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔