ایران نے طالبان کو معاوضہ دے کر اتحادی افواج پر حملے کروائے، امریکی نشریاتی ادارے کا دعوی

Published On 18 August,2020 10:15 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی نشریاتی ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے طالبان کو بھاری معاوضہ دے کر افغانستان میں امریکا اور اتحادی افواج کے اہل کاروں پر حملے کروائے۔

امریکی ٹی وی، سی این این نے سی آئی اے اور دیگر خفیہ اداروں کی مشترکہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ 2019 میں ایران نے طالبان کے دھڑوں کے ذریعے امریکیوں اور اتحادی افواج پر 6 حملے کروائے۔ رپورٹ میں بگرام ائیر بیس پر حقانی نیٹ ورک کی جانب سے حملے کا الزام بھی ایران پر عائد کیا گیا ہے کہ ایران نے حملے کیلئے بھاری معاوضہ ادا کیا۔ اس حملے میں 6 اتحادی فوجی زخمی ہوئے تھے۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کہہ چکے ہیں کہ ایران، افغانستان میں طالبان اور دیگر مسلح گروہوں کو استعمال کر رہا ہے۔ اس سے قبل بھی ایران پر امریکی حکام اسی طرح کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں، ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد سے امریکی الزامات میں اضافہ ہوا ہے۔