کابل: (دنیا نیوز) دوحامیں بین الافغان مذاکرات شروع ہونے کے باوجود افغان سرزمین پر خونریزی کم نہ ہوسکی، چوبیس گھنٹوں کے دوران طالبان کے حملوں میں 32 افغان فوجی ہلاک ہوگئے، افغان حکام کا دعویٰ ہے کہ 53 طالبان بھی مارے گئے۔
تفصیلات کے مطابق دوحا میں بین الافغان مذاکرات کے باوجود افغان سرزمین پر خونریز لڑائی جاری ہے، گزشتہ رات طالبان کے حملوں میں درجنوں افغان فوجی اہلکار جان بحق ہوگئے۔
افغان میڈیا کے مطابق ننگرہار صوبے میں شدید لڑائی جاری ہے، جہاں طالبان نے کئی مقامات پر افغان چیک پوسٹوں پر حملہ کردیا، خونریز لڑائی میں افغان فوجیوں سمیت طالبان مخالف جنگجو بھی مارے گئے۔
صوبہ ہرات میں بھی افغان فوج کے چیک پوسٹ پر طالبان نے دھاوال بول دیا، ایک اور چیک پوسٹ کو کار بم سے نشانہ بنایا گیا۔
افغان حکام کے مطابق ہرات میں چیک پوسٹ پر حملے کے دوران 53 طالبان جنگجو بھی مارے گئے اور حملہ بھی پسپا کردیا گیا۔