افغان صدر اشرف غنی نے چار سو قیدیوں کی رہائی کیلئے حکمنامے پر دستخط کر دیئے

Last Updated On 10 August,2020 09:56 pm

کابل: (دنیا نیوز) افغانستان میں قیام امن کی منزل مزید قریب آ گئی، صدر اشرف غنی نے طالبان کے آخری چار سو قیدیوں کی رہائی کے لیے حکمنامے پر دستخط کردیے۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان میں قیام امن کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے کے قریب ہے، کابل انتظامیہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات کی تاریخ طے پاگئی۔

افغان میڈیا کے مطابق انٹرا افغان مذاکرات کا آغاز 16 اگست سے دوحا میں ہوگا، طالبان کے ترجمان نے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک ہفتے کے اندر مذاکرات شروع ہونے کی تصدیق کردی۔

اُدھر افغان صدر اشرف غنی نے طالبان کے آخری چار سو قیدیوں کی رہائی کے لیے صدارتی حکمنامے پر دستخط کردیے ۔ اس سے پہلے اشرف غنی نے ان قیدیوں کو خطرناک ترین قرار دے کر رہا کرنے سے انکار کیا تھا

دوسری طرف امریکی نمائندۂ خصوصی برائے افغان مفاہمت زلمے خلیل زاد نے توقع ظاہر کی ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران طالبان قیدیوں کی رہائی کا عمل مکمل ہونے کے بعد قطر کے دارالحکومت دوحہ میں بین الافغان امن مذاکرات شروع ہو جائیں گے۔
 

Advertisement